ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ریاستی اسمبلی انتخابات عوام کی آزادی کے لئے فیصلہ کن، مودی کے جھوٹ سے عوام نالاں: ششی تھرور

ریاستی اسمبلی انتخابات عوام کی آزادی کے لئے فیصلہ کن، مودی کے جھوٹ سے عوام نالاں: ششی تھرور

Sun, 06 May 2018 12:53:50    S.O. News Service

بنگلورو،5؍مئی(ایس او نیوز) سابق مرکزی وزیر اور سینئر کانگریس لیڈر ششی تھرور نے کرناٹک اسمبلی انتخابات کو ملک کی سیاسی تبدیلی کا نقیب قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان انتخابات سے یہ فیصلہ ہوگا کہ ریاست میں اگر کانگریس حکومت اقتدار پر برقرار رہتی ہے تو ملک سے فرقہ پرستوں کا خاتمہ ہوجائے گا۔ آج کے پی سی سی دفتر میں ڈاکٹر ششی تھرور نے اے آئی سی سی کی علاقائی کوآرڈینیٹر ڈاکٹر گیتا ریڈی اور کشمیر سے آئے ہوئے کانگریس لیڈر سلمان سوز کے ہمراہ ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کئی دہائیوں بعد یہ پہلا موقع ہے کہ سدرامیا کی قیادت والی حکومت نے اپنے اقتدار کے پانچ سال کامیابی سے مکمل کئے اور دوبارہ اقتدار کی کمان سنبھالنے جارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم مودی کے جھوٹے پروپیگنڈوں سے ریاستی عوام کو متاثر نہیں ہونا چاہئے کیونکہ مودی نے اپنی تقریر کے ہر جملے میں کرناٹک کے وقار کو مجروح کرنے کی کوشش کی ہے۔ کرناٹک کے باوقار شہروں کو مودی نے کوڑے کے شہر ، گندگی کے شہر ، جرائم کے شہر قرار دے رہے ہیں۔ بی جے پی اور مودی نے کرناٹک کے شہروں کی نیک نامی پر سوال اٹھایا ہے۔ یہ شہر کسی حکومت یا پارٹی کی ملکیت نہیں بلکہ عوام کی ملکیت ہے، مسٹر ششی تھرور نے کہاکہ ان کی رائے میں بنگلور دنیا کا بہترین شہر ہے جو ہندوستان کے دیگر شہروں کے لئے ایک ماڈل کہلاتا ہے۔اس شہر میں اور بھی سدھار کی گنجائش موجود ہے ، اسی لئے کانگریس پارٹی نے بنگلور کی ترقی کے لئے ایک لاکھ کروڑ روپے مختص کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی کی طرف سے یہ وعدہ کہ کرپشن سے پاک حکومت فراہم کرے گی ایک مذاق ہے۔ وزیراعظم مودی ان لوگوں کے ہاتھوں میں اقتدار دے کر کرپشن سے پاک انتظامیہ کا وعدہ کررہے ہیں جن پر کرپشن کے کئی معاملات پہلے ہی درج ہیں۔ کرناٹک کو لوٹنے والے آج بی جے پی کی انتخابی مہم کی ذمے داری سنبھالے ہوئے ہیں گزشتہ میعاد میں بی جے پی حکومت نے کرناٹک کے انتظامیہ کو کس طرح مفلوج کیاتھا اور تین تین وزرائے اعلیٰ تبدیل ہوئے تھے۔ ریاستی عوام کو فراموش نہیں کرنا چاہئے۔ مرکزی حکومت کو ہر محاذ پر ناکام قرار دیتے ہوئے ششی تھرور نے کہاکہ حکومت کی کوئی پالیسی حقائق پر مبنی نہیں ہے۔ مودی کی طرف سے نوٹ بندی کا فیصلہ ملک کی معیشت پر سب سے بڑی ضرب بن کر سامنے آیا، اس کے بعد جی ایس ٹی کے وارنے دم توڑتی معیشت کو گہری نیند سلادیا۔ مودی کے وعدے اور جملے اب قابل اعتبار نہیں رہے۔وزیر اعظم نے یہ وعدہ کیاتھاکہ اقتدار ملنے پر ان کی حکومت سالانہ دو کروڑ بے روزگاروں کو روزگار دے گی، چار سال میں آٹھ کروڑ بے روزگاروں کو نوکری مل جانی چاہئے تھی، لیکن ملی ہے صرف 18لاکھ کو اب کرناٹک میں آکر مودی دیڑھ کروڑ لوگوں کو روزگار دینے کا وعدہ کررہے ہیں ، عوام کواندازہ لگالیناچاہئے کہ ان کا یہ وعدہ کس حد تک پورا ہوسکتاہے۔ کرناٹک کی ترقی کے لئے کانگریس کی انتخابی منشور کو ایک اہم دستاویز قرار دیتے ہوئے ششی تھرور نے کہاکہ پچھلے پانچ سال کے دوران حکومت نے عوام سے کئے گئے بیشتر وعدے پورے کردئے ہیں۔ ششی تھرور نے کہاکہ یہ انتخابات صرف ترقی کے محاذ پر نہیں لڑے جارہے ہیں بلکہ یہ بھی طے کرنے والے ہیں کہ شہریوں کو آزادی سے جینا ہے یا نہیں ۔ شہری کیا کھائیں گے ، کیا پہنیں گے، کیا بولیں گے اور کس سے محبت کریں گے، اس کی آزادی کی ضمانت صرف کانگریس حکومت کی طرف سے دی جاسکتی ہے۔ بی جے پی کی پالیسی اور اس کا ایجنڈا ہے کہ عوام کی ضرورتوں پر حملے کرناچاہتی ہے۔ ریاستی عوام صرف ایک رکن اسمبلی یا ایک حکومت نہیں چن رہے ہیں بلکہ ملک کے مستقبل کا فیصلہ کرنے جارہی ہیں کہ یہ ملک سیکولر رہے گا۔ یا پھر ایک مخصوص تہذیب کی اجارہ داری کا شکار ہوجائے گا۔ 


Share: